سیلاب کے باعث پی پی ایس سی امتحانات ایک بار پھر ملتوی
شیڈول انسپکٹر لیگل پنجاب پولیس اور دیگر محکموں کے امتحانات اب مقررہ تاریخوں پر نہیں ہو سکیں گے/ فائل فوٹو
شیڈول انسپکٹر لیگل پنجاب پولیس اور دیگر محکموں کے امتحانات اب مقررہ تاریخوں پر نہیں ہو سکیں گے/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب بھر خصوصاً جنوبی پنجاب میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے اپنے مجوزہ امتحانات ایک بار پھر ملتوی کر دیے۔

کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 13 اور 14 ستمبر کو شیڈول انسپکٹر لیگل پنجاب پولیس اور دیگر محکموں کے امتحانات اب مقررہ تاریخوں پر نہیں ہو سکیں گے۔ یہ فیصلہ ان امیدواروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جو سیلاب متاثرہ علاقوں سے لاہور کا سفر کرنے سے قاصر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گرین ای ٹیکسی کیلئے اپلائی کرنے کا طریقہ جانیے

پی پی ایس سی کے مطابق ملتوی ہونے والے امتحانات اب نئی تاریخوں پر لیے جائیں گے۔ اعلان کے مطابق یہ امتحانات اب 20 اور 21 ستمبر کو لاہور کے جوہر ٹاؤن امتحانی مرکز میں منعقد ہوں گے۔ امیدواروں کو ان تاریخوں کے بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایس ایم ایس، ای میل اور کمیشن کی ویب سائٹ پر تفصیلات فراہم کی جائیں گی تاکہ کوئی بھی امیدوار اطلاع سے محروم نہ رہے۔
واضح رہے کہ یہ امتحانات مختلف محکموں میں بھرتیوں کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہیں۔ مجموعی طور پر 434 اسامیوں کے لیے امیدواروں کا امتحان لیا جانا تھا۔ ان اسامیوں کے لیے پورے صوبے سے 8 ہزار سے زائد امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں اور انہیں امتحان میں شریک ہونا تھا۔ لیکن جنوبی پنجاب میں آنے والے حالیہ سیلاب اور متاثرہ علاقوں میں تباہی کے باعث ہزاروں طلبا و طالبات کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے امتحان ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔