ٹوبہ: خاتون کو ہراساں کرنیوالا ملزم انگلیاں تڑوا بیٹھا
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتاری کے دوران موٹر سائیکل سے گر کر انگلیاں تڑوا بیٹھا
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتاری کے دوران موٹر سائیکل سے گر کر انگلیاں تڑوا بیٹھا/ فائل فوٹو
ٹوبہ ٹیک سنگھ: (ویب ڈیسک) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتاری کے دوران موٹر سائیکل سے گر کر انگلیاں تڑوا بیٹھا۔ پنجاب کاؤنٹر کرائم ڈپارٹمنٹ (CCD) نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ نوجوان موٹر سائیکل پر سوار تھا اور گزرنے کے دوران خاتون کے ساتھ نازیبا حرکات کر رہا تھا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور عوام نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیالکوٹ: سیلاب متاثرہ 26 سکول مزید دو روز بند رہیں گے

سی سی ڈی (CCD ) حکام کے مطابق ملزم کو شناخت کے بعد چھاپہ مار کارروائی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے وقت اس نے فرار کی کوشش کی لیکن اسی دوران موٹر سائیکل سے گر کر بائیں ہاتھ کی انگلیاں تڑوا بیٹھا۔ بعدازاں اسے حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا۔

ابتدائی بیان میں ملزم نے اپنے فعل پر ندامت کا اظہار کیا اور معافی مانگی۔ اس نے کہا کہ اس کا مقصد کسی کو نقصان پہنچانا نہیں تھا تاہم وہ اپنے عمل پر شرمندہ ہے۔
شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین نے پنجاب کاؤنٹر کرائم ڈپارٹمنٹ( CCD) کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات مستقبل میں خواتین کے خلاف ہراسانی جیسے جرائم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوں گے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات کے انسداد کے لیے سخت قوانین پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔
یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سوشل میڈیا محض رابطے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ انصاف کے حصول اور جرائم کی نشاندہی کے لیے ایک مؤثر ہتھیار بن چکا ہے۔