رینالہ خورد میں خوفناک ٹرین حادثہ، اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق
Train accident Renala Khurd
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) رینالہ خورد میں مال بردار ٹرین ہولناک حادثے کا شکار ہوگئی،جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق اوردو افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شرقی بائی پاس کے قریب مال بردار ٹرین کا انجن اچانک دوسری مال بردار ٹرین سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں انجن الٹ گیا۔ حادثے کے فوراً بعد پیچھے سے آنے والی ایک اور ٹرین بھی ان بوگیوں سے ٹکرا گئی جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔

حادثے میں اسسٹنٹ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو ٹیموں نے قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور متاثرہ انجن و بوگیوں کو ٹریک سے ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

حادثے کے بعد لاہور اور کراچی کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل کر دی گئی اور متعدد ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنز پر روک لیا گیا ہے جس کے باعث مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں سیلابی صورت حال برقرار، ہائی الرٹ جاری

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، جیسے ہی دونوں اپ اور ڈاؤن ٹریک کلیئر ہوں گے، ٹرینوں کی روانگی بحال کر دی جائے گی۔

اس واقعے نے ایک بار پھر ریلوے نظام کی کمزوریوں کو اجاگر کر دیا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات سے بچنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔