حکومت کا نئے گھریلو گیس کنکشنز پرعائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے نئے گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے نئے گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے گیس کنکشنز عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس میں میجر عدنان اسلم شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے اداروں نے بہت قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں، عوامی سہولت کیلئےآر ایل این جی کے نئے کنکشنز کا اجرا کیا جائے گا، آر ایل این جی درآمدی ایل پی جی سے 35 فیصد تک سستی ہو گی، پہلے سے درخواست دہندگان کو آرایل این جی پرمنتقلی کی تجویز دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا ملک میں زرعی اور ماحولیاتی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان

اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، کابینہ اجلاس میں سیلاب کی صورتحال اورنقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وفاقی کابینہ نے ملک میں فوری موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز اور اقدامات سے متعلق 15 دن میں رپورٹ پیش کی جائے گی، سیلاب کی وجہ سے کابینہ نے زرعی ایمرجنسی بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں سے مشاورت کی جائے گی۔

ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا، چین نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، پاکستان اورچین کی دوستی نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔