خیبرپختونخوا میں بھی کم سے کم ماہانہ اجرت 40 ہزار مقرر، نوٹیفکیشن جاری
خیبر پختونخوا میں بھی مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں بھی مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، صوبہ بھر میں نئی اجرتوں کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔

حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کم از کم ماہانہ اجرت کا اطلاق غیر ہنر مند، بالغ، نوعمر اور نو عمر مزدوروں پر ہوگا جبکہ یومیہ اجرت 1,538 روپے 46 پیسے اور کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق کم از کم ماہانہ اجرت کو کسی صورت میں زیادہ سے زیادہ اجرت نہ تصور کیا جائے بلکہ مالکان زیادہ ہنر یا تجربہ رکھنے والے مزدوروں کو اضافی اجرت دینے کے پابند ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس قانون کا اطلاق کنٹریکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں پر بھی ہوگا اور تمام صنعتی و تجارتی ادارے اس نئی کم از کم ماہانہ اجرت پالیسی پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے، خواتین اور خواجہ سراء مزدوروں کو بھی مردوں کے برابر اجرت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت کا نوٹیفکیشن جاری

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی پنجاب میں بھی مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت فیصل ایوب کھوکھر نے کہا تھا کہ پنجاب میں محنت کشوں کی کم ازکم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، مزدوروں کو مہینے میں 26 رو ز کام کرنے پر کم سے کم اجرت 40 ہزار روپے دی جائے گی۔