سولر صارفین کیلئے بُری خبر
LESCO solar consumers
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے سولر صارفین پر نیا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

 کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب سولر صارفین کو کنکشن صرف اے ایم آئی (Advanced Metering Infrastructure) میٹر کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔

ذرائع لیسکو کے مطابق نئے اے ایم آئی میٹر کی قیمت 70 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل سولر صارفین کو تقریباً 35 ہزار روپے کے میٹر فراہم کیے جاتے تھے۔

اس اچانک اضافے نے صارفین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، کیونکہ نئے میٹر کی قیمت دگنی ہو گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ وزارت توانائی کی ہدایات پر سولر کنکشن کیلئے عام میٹرز کا اجراء روک دیا گیا ہے۔

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اے ایم آئی میٹر اگرچہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور بجلی کی کھپت کی درست نگرانی میں مددگار ثابت ہوتا ہے، مگر اس کی بھاری قیمت عام صارفین کیلئے ایک بڑا اور اضافی مالی بوجھ ہے۔ بہت سے صارفین جو پہلے سے سولر پراجیکٹس پر سرمایہ کاری کر چکے ہیں، ان کیلئے یہ نیا تقاضا مزید مشکلات پیدا کرے گا۔

دوسری جانب پنجاب میں حالیہ دنوں میں سولر پینلز کی چوری کے واقعات نے بھی سولر پالیسی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 اور 2023 میں صرف راجن پور کے 50 اسکولوں سے سولر پینلز چوری ہوئے۔ کمیٹی نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گاڑیوں اور موٹر سائیکل مالکان کیلئے بڑی خوشخبری

چیئرمین کمیٹی تنویر اسلم ملک نے اجلاس میں کہا کہ محکمہ تعلیم اپنی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے معاملہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی پر ڈال رہا ہے، جو قابلِ قبول نہیں۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع سے تفصیلات جمع کی جائیں کہ کتنے اسکولوں سے سولر پینلز چوری ہوئے اور کتنی ریکوری کی گئی۔