
یکم ستمبر سے صوبے بھر میں رجسٹرڈ تمام گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر سواریوں کی نمبر پلیٹس بغیر کسی درخواست کے براہِ راست مالکان کے نام پر منتقل کر دی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق اس سہولت کے تحت شہریوں کو نمبر پلیٹ کی منتقلی کیلئے کسی درخواست یا اضافی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی سہولت اور نظام کو مزید شفاف بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں اب تک دو کروڑ 36 لاکھ سے زائد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں اس سہولت سے مستفید ہو چکی ہیں۔ ان میں تقریباً دو کروڑ موٹرسائیکلیں، اکیس لاکھ 85 ہزار سے زائد کاریں، 6 لاکھ سے زائد رکشے، 2 لاکھ پک اپس اور ایک لاکھ ٹرک شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 5 لاکھ ٹریکٹرز، ایک لاکھ 31 ہزار ڈیلیوری وینز، ایک لاکھ سے زائد بسیں اور 51 ہزار منی بسیں بھی مالکان کے نام پر منتقل کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نادرا کا پاک آئی ڈی ایپ میں نئے فیچرز کا اضافہ
محکمہ ایکسائز کے مطابق یہ اقدام گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل کو آسان بنانے اور کاغذی کارروائی میں کمی کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ اس سہولت سے نہ صرف عوام کا وقت بچے گا بلکہ جعلی ٹرانسفر کے امکانات بھی ختم ہوں گے۔ شہری اب اپنی سواریوں کے نمبروں کی تصدیق بآسانی شناختی کارڈ کے ذریعے کر سکیں گے۔
شہریوں کی جانب سے یہ اقدام محکمہ ایکسائز کی جانب سے شہریوں کو جدید سہولت فراہم کرنے کی ایک بڑی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔



