علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری
Ali Amin Gandapur arrest warrant
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور کی جانب سے عدالت میں کوئی نمائندہ یا وکیل بھی پیش نہ ہوا، جس پر جج نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت کی جانب سے حکم کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے 17 ستمبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے، جس میں ان پر شراب اور اسلحہ رکھنے کے الزامات عائد ہیں۔ یہ مقدمہ کافی عرصے سے عدالت میں زیر سماعت ہے۔ تاہم کئی سماعتوں کے باوجود علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:نو مئی جلاؤ گھیراؤ، شاہ محمود قریشی ایک اور مقدمہ میں بری

 عدالت کی جانب سے جاری نئے حکم کے بعد علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اس پیش رفت نے سیاسی حلقوں میں بھی ہلچل مچا دی ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر علی امین گنڈا پور گرفتاری سے بچنے کیلئے حفاظتی ضمانت حاصل نہیں کرتے تو پولیس پر انہیں عدالت میں پیش کرنے کی پابندی ہوگی۔