
جناح ہاؤس کے قریب سرکاری گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، عدالت نے 9 مئی کے ایک اور مقدمے کا فیصلہ سنا دیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے تیسرے مقدمے سے بھی بری کردیا جبکہ سابق صوبائی وزیرڈاکٹر یاسمین راشد اور سابق سینیٹر اعجاز چودھری کو 10 ، 10 سال جبکہ خدیجہ شاہ کو 5 سال قید کی سزا سنا دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کی خاتون رہنماؤں روبینہ جمیل اور افشاں طارق کو بھی بری کر دیا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی ،ڈاکٹر یاسمین راشد ،اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید ،خدیجہ شاہ ،روبینہ جمیل سمیت 39 ملزمان کا ٹرائل مکمل کیا گیا تھا، ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمے کا چالان جمع کروا رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چودھری پرویز الہٰی نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
یاد رہے کہ عدالت کی جانب سے وائس چیئرمین پی ٹی آئی محمود قریشی کو پہلے بھی 9 مئی کے دو مقدمات میں بری کردیا گیا تھا جبکہ یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری اور سابق گورنر پنجاب سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
ذہن نشین رہے کہ 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی القادر ٹرسٹ میں گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سول و عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔
پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاج کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو حراست میں لیا تھا جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔



