
لاہور سپیشل کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اس جیسا سیلاب پہلے کبھی نہیں آیا، سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ کسانوں کی تیار فصلیں تباہ اور جانور مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ گجرات کے سیلابی علاقوں میں خود جا رہا ہوں اور سیلابی علاقوں میں سامان پہنچایا جا رہا ہے، بلا کسی تفریق کے سیلاب زدگان کی مدد کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے، گجرات کے لیے جو کچھ ہم نے کیا ہے یہ آپ کی سوچ ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اب جو یہ لوگ حکومت میں آئے ہیں یہ لوگ گجرات کو ڈبو کر آئے ہیں، یہ لوگ حکومت میں ہونے کے باوجود کچھ نہیں کر رہے، ہم نے گجرات میں سیوریج لائن بچھانے کیلئے کام شروع کیا تھا انہوں نے سال تک اس کے فنڈز کیوں بند کیے رکھے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں قصور حکومت کا ہے ٹی وی ٹاک شو کرنے کے علاوہ انہوں نے کیا ہی کیا ہے، لوگ ڈوب رہے ہیں اصل قصوروار حکمران ہیں، یہ لوگ آتے ہیں خیمے لگاتے ہیں اور جاتے وقت خیمے اور جانوروں کا چارہ بھی ساتھ لے جاتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بڑا ریلیف
مرکزی صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکمران اپنا حساب کیوں نہیں دیتے، عام لوگ کہہ رہے ہیں کہ حکومت نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، حکمرانوں کی نالائقی ہے کہ انہوں نے سیلاب کی بروقت اطلاع نہیں دی، دریا کے اندر بنی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بروقت خالی کیوں نہیں کروایا۔
بعدازاں چودھری پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں نے کہا کہ ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں بریت کی درخواست پر عدالت نے پراسیکیوٹر سے 27 ستمبر کو دلائل طلب کیے ہیں، چودھری پرویز الٰہی کی پیشی پر ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے، جھوٹے کیس بنانے میں یہ حکومت ماہر ہے۔



