آج بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Pakistan weather forecast
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق جنوبی بلوچستان اور زیریں سندھ میں تیز ہواؤں، آندھی اور موسلا دھار بارش کا واضح امکان ہے۔ ان علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مری، جہلم، گلیات، راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول لسبیلہ، اورماڑہ، پسنی، جیوانی، گوادر، خضدار، آواران، خاران اور پنجگور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح سندھ کے بڑے شہروں کراچی، حیدرآباد، سجاول، ٹھٹھہ، بدین، جامشورو اور دادو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید برآں خیبرپختونخوا کے اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام میں بھی بارش کی توقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ کے کئی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔