
ڈپٹی کمشنر دادو سید مرتضیٰ علی شاہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام طلبہ، اساتذہ اور دیگر تعلیمی عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ضلع میں جاری بارشوں اور محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا مشکلات سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد کریں اور بچوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ بھیجیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے حالیہ اسپیل کے دوران دادو اور گرد و نواح کے علاقوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں جن سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان
اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت مل سکے اور طلبہ و اساتذہ کسی بھی خطرے سے محفوظ رہیں۔
واضح رہے کہ مون سون بارشوں کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں،جس کی وجہ سے مختلف اداروں میں سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔



