مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان
Sindh schools closure
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں اور موسم کی خراب صورتحال کے باعث ضلعی انتظامیہ نے آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

فیصلے کے مطابق سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز آج بند رہیں گے، تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جامشورو میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ مسلسل بارشوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث آج ضلع بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

میرپورخاص میں بھی بارشوں نے معمولات زندگی کو متاثر کیا، جس کے بعد آل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے شہر بھر کے تمام نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

اسی طرح سکرنڈ میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری بارش کے سبب اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق شہر کے تمام پرائیوٹ اسکولز منگل کے روز بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سیلاب کے بعد نئی مصیبت، ماہر موسمیات نے خبردار کردیا

حیدرآباد میں بھی رات گئے سے وقفے وقفے سے جاری بارش کے نتیجے میں شہر کی کئی سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

ضلعی انتظامیہ نے طلبہ کی حفاظت اور آمدورفت میں مشکلات سے بچاؤ کیلئے آج شہر بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔