سندھ حکومت کا 27 دسمبر کو عام تعطیل کا اعلان
File Photo
File Photo
کراچی: (سنو نیوز) سندھ سرکار نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر صوبہ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

حکومتِ سندھ نے سابق وزیراعظم اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی 17ویں برسی کے موقع پر 27 دسمبر 2024 بروز جمعہ صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

حکومتِ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں تمام سرکاری دفاتر، جو صوبائی حکومت کے ماتحت ہیں، بند رہیں گے۔

یاد رہے کہ 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک دہشت گرد حملے میں بے نظیر بھٹو شہید ہو گئی تھیں۔ ان پر خودکش حملے اور فائرنگ کے ذریعے حملہ کیا گیا تھا جس میں ان کے علاوہ مزید 20 افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے۔

جو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سربراہ بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جمہوریت کی علامت کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ ان کی برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مختلف تقریبات اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ان تقریبات میں ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا، ان کے جمہوری اصولوں کو یاد کیا جائے گا، مختلف شہروں میں سیمینار، ریلیاں اور دعائیہ اجتماعات منعقد ہوں گے۔

خیال رہے کہ بے نظیر بھٹو نے اپنے سیاسی کیریئر کے دوران خواتین کے حقوق، جمہوریت کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کی، ان کی شہادت پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، لیکن ان کی قربانی نے جمہوریت کی جڑوں کو مضبوط کیا ہے۔