وفاقی حکومت کا سیلاب متاثرین کیلئے بجلی بلوں میں بڑا ریلیف پیکیج تیار
Flood victims relief Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کے بلوں پر ٹیکسز ختم کرنے کی تیاری شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے بلوں پر جنرل سیلز ٹیکس، ایف سی سرچارج اور فکس چارجز کے خاتمے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر جنرل سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی ہٹانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

اس کے علاوہ انکم ٹیکس، مزید ٹیکس، فاضل ٹیکس اور ریٹیلر سیلز ٹیکس ختم کرنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس حوالے سے کہا کہ حکومت فوری طور پر سیلاب متاثرین کے بجلی بلوں پر ٹیکس معاف کرے گی، جبکہ وفاقی سطح پر بلوں میں ریلیف دیا جائے گا اور لینڈ ریونیو کی معافی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں جو اضافی بجلی کے بل موصول ہوئے ہیں وہ پہلے سے پرنٹ ہوچکے تھے، تاہم ان پر بھی نظرثانی کی جائے گی تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

حکومت نے کسانوں کے نقصان کے ازالے کیلئے خصوصی کسان پیکیج متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیلاب کے بعد نئی مصیبت، ماہر موسمیات نے خبردار کردیا

 

 

رانا تنویر حسین نے اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل ہوتے ہی یہ پیکیج لانچ کیا جائے گا، سروے آئندہ 7 سے 10 روز میں مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد فصلوں اور مال مویشیوں کے نقصانات کا حتمی تخمینہ سامنے آجائے گا۔

ذہن نشین رہے کہ سیلاب کے باعث ہر فصل کا ایک سے تین فیصد تک نقصان ہو چکا ہے، تاہم چاول کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے، سب سے زیادہ تباہی گوجرانوالہ ڈویژن میں ہوئی ہے جہاں فصلوں کا 18 فیصد تک نقصان ہوا ہے۔

 حکومت کی جانب سے یقین دلایا گیا ہے کہ متاثرہ کسانوں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔