پاکستان میں جو سہولیات عوام کو ملنی چاہئیں وہ نہیں مل رہیں: شاہد آفریدی
 قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جو سہولیات عوام کو ملنی چاہئیں بدقسمتی سے وہ نہیں مل رہیں۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جو سہولیات عوام کو ملنی چاہئیں بدقسمتی سے وہ نہیں مل رہیں۔

فیڈرل چیمبر آف کامرس میں گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں باتیں کم اور ایکشن سے ثابت زیادہ کرتا ہوں، فیڈرل چیمبر آف کامرس کی چیئرمین عاطف اکرام شیخ کا مشکور ہوں کہ انہوں سپورٹ فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ جو کام کرنا چاہتے ہیں وہ بہانے نہیں بناتے بلکہ کام کر جاتے ہیں، میں نے دنیا میں کہیں نہیں دیکھا کہ حکومت کاروبار کر رہی ہو، فیڈرل چیمبر آف کامرس بہترین انداز میں کام کر رہی ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے لئے یہ ملک اور میرے شہری ہی سب کچھ ہیں، میں جس مٹی سے ہوں مجھے اس کی خدمت کرنی ہے یہ پورا پاکستان میرا ہے، پاکستان میں جو سہولیات عوام کو ملنی چاہئیں بدقسمتی سے وہ مل نہیں رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں نجی ایئرلائن کے طیارہ کی ہنگامی لینڈنگ

سابق کپتان نے کہا کہ میں نے ماؤں کو سڑکوں پر بچے پیدا کرتے دیکھا ہے جو تکلیف دہ ہے، صاف پانی شہریوں کو میسر نہیں، کچھ علاقوں میں جانور اور انسان ایک جگہ سے پانی پیتے ہیں، صرف پاکستان میں ہی نہیں باہر کے ممالک میں بھی چیرٹی کے کام میری فاؤنڈیشن کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل بونیر سے ہو کر آیا ہوں، دل چیر دینے والے مناظر ہیں، سیلاب زدگان بھی ہمارے ہی لوگ ہیں، ہمارے ہی بھائی ہیں، ہمیں یہاں پانی کی قدر نہیں وہاں ایک مٹکہ پانی کیلئے 10 کلو میٹر پیدل چل رہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ہم سیلاب زدگان کی خدمت کیلئے آگے بڑھے ہیں، چیمبر کے ساتھ مل کر ہم عوام کیلئے نئے ویلیج بنائیں گے۔