
ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی الٹنے کا افسوسناک واقعہ لیاقت پور کے نواحی علاقے موضع نور والا میں ریسکیو آپریشن کے دوران پیش آیا ، کشتی الٹنے سے دو خواتین جاں بحق ہو گئیں جبکہ متعدد افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق کشتی پر متعدد افراد سوار تھے، بچوں سمیت 13 افراد کو پانی سے نکال لیا گیا ، بتول نامی خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ سیلابی پانی میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جاں بحق خواتین کی شناخت سکینہ مائی اور شاہدہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے، علاقے میں پاک فوج،ریسکیو اور پنجاب پولیس کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں مزید پانی چھوڑے جانے کے بعد پانی کے تیز بہاؤ سے جلال پور پیروالا میں بند ٹوٹ گیا جس سے درجنوں بستیاں زیر آب آ گئیں، لوگ جان بچانے کے لیے چھتوں پر چڑھ گئے، شجاع آباد اور جلال پور پیر والا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ملتان اور بہاولپور کے ڈویژنل کمشنرز نے اجلاس کے شرکاء کو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے ستلج میں پانی کی سطح مزید بلند، سیکڑوں دیہات زیر آب آنے کا خدشہ
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے جلالپور پیروالہ اور لیاقت پور میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلالپور پیروالہ اور لیاقت پور کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کیلئے مزید کشتیاں بھجوائی جائیں، قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں سے آبادی کا بروقت انخلاء یقینی بنایا جائے، ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے کشتیوں کیساتھ بیڑوں کو بھی استعمال کیا جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ممکنہ طور پر متاثر ہونےوالے اضلاع میں کشتیاں، لائف جیکٹس اور ضروری امدادی سامان پہلے ہی منتقل کر دیا جائے، ریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلئے انتظامی اور پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فورس کو ہدایت کی کہ پولیس امدادی کارروائیوں میں انتظامیہ کو مکمل معاونت فراہم کرے،اٹک اور میانوالی سے محکمہ پولیس کی کشتیاں جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں پہنچا ئی جائیں۔