الیکٹرک بائیکس پر 50 ہزار روپے سبسڈی کا اعلان
electric bike subsidy Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پاکستان ایکسیلریٹڈ وہیکل الیکٹری فکیشن (PAVE) پروگرام کے تحت شہریوں کیلئے نئی سہولت متعارف کرا دی۔

اس سکیم کے تحت شہری اب کراؤن الیکٹرک موٹر سائیکلیں حکومتی سبسڈی اور آسان اقساط پر حاصل کر سکیں گے۔

حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کراؤن الیکٹرک بائیک پر 50 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ اقساط کی ادائیگی صفر مارک اپ پر ہوگی۔

مزید کہا گیا کہ درخواست گزاروں کو کسی قسم کی پروسیسنگ فیس بھی ادا نہیں کرنا پڑے گی، جس سے یہ سکیم عام عوام کیلئے مزید پرکشش بن گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ سکیم پاکستان کے تمام شہریوں کیلئے دستیاب ہوگی جن کی عمر 18 سے 65 سال کے درمیان ہے۔

حکومت نے خصوصی طور پر خواتین، معذور افراد اور اوورسیز پاکستانیوں کو ترجیح دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پائیدار ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا اور ایندھن کے بڑھتے ہوئے اخراجات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

درخواست دینے کا طریقہ کار مکمل طور پر آن لائن ہے۔ شہری صرف سرکاری پورٹل www.pave.gov.pk

 پر فارم جمع کروا سکتے ہیں۔

بعد ازاں تمام درخواستوں کو کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے چنا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:12 ربیع الاول پر موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا فیصلہ

خیال رہے کہ کراؤن الیکٹرک موبیلٹی ملک میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی نمایاں کمپنی ہے، اس اسکیم میں حکومت کی پارٹنر ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سبسڈی اور آسان اقساط کی سہولت سے الیکٹرک بائیکس اب عام شہری کی پہنچ میں آ گئی ہیں، جو ماحول دوست اور معاشی طور پر فائدہ مند فیصلہ ہے۔