12 ربیع الاول پر موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا فیصلہ
Balochistan internet shutdown
فائل فوٹو
کوئٹہ:(ویب ڈیسک) بلوچستان حکومت نے 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبے بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق وفاقی محکمہ داخلہ کے توسط سے پی ٹی اے کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ سروس معطلی کا عمل بروقت یقینی بنایا جائے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں 5 ستمبر کی شام 5 بجے سے 6 ستمبر کی رات 9 بجے تک تھری جی اور فور جی موبائل انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

علاوہ ازیں نوشکی، خضدار، مستونگ، سبی اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پی ٹی سی ایل اور این ٹی سی کی وائرلیس انٹرنیٹ سروس بھی معطل رکھنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

اس فیصلے کے بعد صارفین کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں ہوگی، جس سے روزمرہ امور اور آن لائن کاروبار بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:70 لاکھ پاکستانی بالغ شہری شناختی کارڈ سے محروم

انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سروس معطلی صرف عارضی ہوگی، 6 ستمبر کی رات 9 بجے کے بعد معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔

شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ پیشگی تیاری کریں اور ضروری امور بروقت نمٹا لیں تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں اس قسم کے فیصلے عام طور پر مذہبی اجتماعات اور اہم مواقع پر کیے جاتے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھا جا سکے۔