
وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے سنو نیوز کے پروگرام "لائیو ود جامی" میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال کی مدت ملازمت والی سٹریم لائن طے ہو چکی ہے ، اس کیلئے نوٹیفکیشن کی کوئی ضرورت نہیں،اگر نوٹیفکیشن کی ضرورت پڑی تو حکومت کے پاس یہ استحقاق ہے وہ کردے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مزید ایکسٹینشن کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کر دی جائے گی، اگر ایکسٹینشن ہوئی تو وہ بھی پانچ سال کیلئے ہی ہو گی۔
وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یہ ٹائٹل ارن کیا ہے اور آج پاکستان کی عزت میں جو اضافہ ہوا ہے وہ افواج پاکستان کی وجہ سے ہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا مزدوروں کیلئے فلیٹس کی الاٹمنٹ کا اعلان
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آرمی چیف کی مدت پارلیمان کے ایکٹ کے تحت اب 5 سال کر دی گئی ہے جو 2027 میں ختم ہو گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کو بلاوجہ موضوع بحث بنایا جارہا ہے، اگر ایک ایسا بندہ جو فیلڈ مارشل ہو اور ایکسٹینشن کا رواج بھی ہو تو پھر موجودہ آرمی چیف سے زیادہ حق دار آدمی کون ہو سکتا ہے؟



