
حکومت پنجاب کی جانب سے مزدور دوست پالیسی کے تحت ورکرز ویلفیئر کمپلیکس سندر انڈسٹریل اسٹیٹ قصور میں 720 فلیٹس کی الاٹمنٹ کا اعلان کیا گیا ہے، یہ اقدام پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ہاؤسنگ پالیسی 2021 کے تحت کیا جارہا ہے تاکہ صنعتی مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری رہائش فراہم کی جا سکے۔
محکمہ ویلفیئر بورڈ کے مطابق ضلع قصور اور لاہور کے صنعتی کارکنان درخواست دینے کے اہل ہوں گے، درخواست فارم لیبر ویلفیئر کے دفاتر سے بلا معاوضہ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اہلیت کے معیار کے مطابق امیدوار کی کم از کم تین سالہ ملازمت ثابت شدہ ہونی چاہیے اور لازمی طور پر ای او بی آئی یا سوشل سکیورٹی کے ساتھ رجسٹریشن ہونا ضروری ہے ، درخواست دہندہ یا اس کی اہلیہ کے نام پر کسی قسم کی رہائشی جائیداد نہیں ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: مارخور کے شکار کا پرمٹ کتنے میں فروخت ہوا؟
منصوبے کے تحت الاٹمنٹ میں خصوصی کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے جس میں معذور افراد اور بیوہ خواتین کے لیے دو، دو فیصد جبکہ باقی فلیٹس اوپن کیٹیگری کے مزدوروں کو ملیں گے۔
فلیٹس کے حصول کے لیے درخواستیں 8 ستمبر 2025 تک جمع کرائی جا سکتی ہے، امیدوار کو فارم کے ساتھ مخصوص بینک اکاؤنٹ میں فیس جمع کروا کر چالان بھی منسلک کرنا ہوگا۔
منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے الاٹمنٹ قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی تاہم اس کی تاریخ اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔



