مارخور کا قانونی پرمٹ 3 لاکھ 77 ہزار ڈالر میں فروخت
Markhor Trophy Hunting
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے قومی جانور مارخور کے قانونی شکار کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ سیزن 2025-26 کیلئے ایک مارخور کا پرمٹ 3 لاکھ 77 ہزار امریکی ڈالر (10 کروڑ روپے سے زائد) میں فروخت ہوا ہے، جو اب تک دنیا میں مارخور کے شکار کیلئے سب سے مہنگا پرمٹ قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے مطابق گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ کے اس سیزن کے دوران ایک مارخور کی قیمت 3 لاکھ 70 ہزار ڈالر مقرر کی گئی تھی، تاہم پرمٹ کی نیلامی میں ریکارڈ توڑ بولی سامنے آئی۔

واضح رہے کہ اس نیلامی کے بعد مارخور کا شکار دنیا کے مہنگے ترین قانونی شکاروں میں شامل ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کلاؤڈ برسٹ کیوں ہورہے ہیں؟

ذہن نشین رہے کہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام نہ صرف غیرملکی شکاریوں کیلئے پرکشش ہے بلکہ اس کے تحت حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ مقامی کمیونٹیز کی ترقی اور جنگلی حیات کے تحفظ پر خرچ کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مارخور کی آبادی میں ماضی کے مقابلے میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال خیبرپختونخوا وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے بھی چترال میں مارخور کے شکار کا پرمٹ 2 لاکھ 71 ہزار ڈالر میں فروخت کیا تھا، تاہم اس سال کی بولی نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔