
قاسم بیلا کے قریب شجاع آباد کینال میں پانی اوور فلو ہونے لگا، جس کے باعث سورج میانی کے علاقے زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق کینال میں پانی کی مقدار گنجائش سے تین گنا زیادہ ہو چکی ہے، جس سے قریبی بستیاں شدید خطرے سے دوچار ہیں۔
علاوہ ازیں شیر شاہ کے قریب زمیندارہ بند ٹوٹنے سے بستی کھوکراں بھی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں پانی تیزی سے سکندری نالے میں داخل ہونا شروع ہوگیا۔ جس کیوجہ سے شہری آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں تاکہ ممکنہ نقصان کو کم کیا جا سکے۔
اکبر فلڈ بند پر بھی پانی کا دباؤ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے اکبر پور، بستی کوتوال اور ملحقہ علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پانی گھروں میں داخل ہو رہا ہے اور زرعی زمینیں بھی متاثر ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت سے چھوڑے گئے دوسرے ریلے کی تباہ کاریاں، متعدد دیہات زیر آب
محکمہ فلڈ کنٹرول کے مطابق دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پانی کی آمد ایک لاکھ 38 ہزار 760 کیوسک تک پہنچ چکی ہے، جس سے مزید علاقوں کو خطرہ لاحق ہے۔
حکام کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ضرورت پڑنے پر فوری انخلا کیلئے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔



