ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں غیر معمولی سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا، سڑکیں اور پل بہہ گئے، سیلاب سے سرکاری و نجی عمارتیں، اسکول اور پولنگ اسٹیشنز کا انفراسٹرکچر متاثر ہوا، ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مصروف عملہ انتخابی فرائض سرانجام نہیں دے سکتا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے پولنگ اسٹاف کی عدم دستیابی کی نشاندہی کی ہے، پنجاب حکومت نے بھی سیلاب کی صورتحال کے باعث ضمنی الیکشن مؤخر کرنے کی سفارش کی ہے۔
ای سی پی کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں کے ووٹرز کی نقل مکانی کے باعث ووٹ ڈالنے کے عمل میں شرکت ممکن نہیں،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کم ٹرن آؤٹ اور ووٹرز کی محرومی کا خدشہ ہے، حالات نارمل ہونے پر انتخابات دوبارہ شیڈول کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت سے چھوڑے گئے دوسرے ریلے کی تباہ کاریاں
الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 9 قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر رکھا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں قومی اسمبلی کے 5 اور پنجاب اسمبلی کے 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات مؤخر کیے گئے ہیں، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 66 وزیرآباد کا الیکشن مؤخر کیا گیا ہے۔
این اے 96 اور این اے 104 فیصل آباد میں بھی ضمنی الیکشن ملتوی کردیا گیا، این اے 129 لاہور اور این اے 143 ساہیوال کے انتخابات بھی مؤخر کر دیے گئے،پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 73 سرگودھا میں بھی ضمنی فی الحال نہیں ہو گا۔
ای سی پی کے مطابق صوبائی حلقوں پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد اور پی پی 203 ساہیوال کے ضمنی انتخابات بھی مؤخر کر دیے گئے ہیں، ضمنی انتخابات کے لیے نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔