عمران خان کی صحت پر سنسنی پھیلائی جا رہی ہے: علیمہ خان
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سابق وزیراعظم کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں
بانی پاکستان تحریک انصاف کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سابق وزیراعظم کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات ہونی تھی مگر نہیں کرائی گئی تاہم بیرسٹر گوہرکی ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا چیک اپ ان کے اپنے ڈاکٹرز کی موجودگی میں ہونا چاہیے، چیک اپ کیلئے ان لوگوں کے ارادوں پر ہمیں یقین نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی مسلم لیگ ن میں شامل

دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی ضمانت منظور کرلی۔ اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل نے کہا کہ شاہ ریز پر الزام لگایا گیا کہ اُنہوں نے کارکنوں کو اُکسایا ہے، ہر قسم کی تفتیش کی گئی ہے اس مقدمے میں ہر شخص کی جیو فینسنگ کی گئی، شاہ ریز کے خلاف ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں۔
وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چالان میں سب چیزیں واضح ہیں اس میں نامزد ملزموں اور نامعلوم ملزموں کا ذکر موجود ہے، شاہ ریز کا کہیں بھی ذکر نہیں کیا گیا کسی تفتیشی نے بھی کوئی بیان نہیں دیا، ملزم کی والدہ بانی کی رہائی کیلئے آواز اٹھاتی ہیں، ان کی آواز دبانے کیلئے یہ گرفتاری کی گئی، شاہ ریز چترال میں موجود تھا تمام لوگوں کے بیان حلفی موجود ہیں۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک بیان حلفی کی تصدیق نہیں ہو سکی، شاہ ریز کے دوستوں کے سوشل میڈیا سے تصاویر لی گئی ہیں، اس کے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کوئی تصویر نہیں، ضمانت کی درخواست مسترد کی جائے ۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا ، بعد ازاں شاہ ریز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔