پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی مسلم لیگ ن میں شامل
پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیا
پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیا۔

بہرہ مند تنگی نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا سیاسی سفر 1981 میں پاکستان پیپلز پارٹی سے شروع کیا تھا اور طویل عرصے تک اسی جماعت کے ساتھ وابستہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کی گئی تو انہوں نے احتجاج کرنے یا اختلاف پیدا کرنے کے بجائے فیصلے کو عزت و احترام کے ساتھ قبول کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ان کی پہلی سیاسی درسگاہ تھی لیکن وقت اور حالات نے انہیں ایک نئے سیاسی سفر پر آمادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک تحفظ آئین کی قیادت نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

انہوں نے ن لیگ میں شمولیت کے اسباب بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے دل میں ملک، عوام اور ریاستی اداروں کے لیے حقیقی درد پایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ن لیگ کا انتخاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کسی عہدے، سیٹ یا ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ ایک کارکن کی حیثیت سے ملک اور عوام کی خدمت کے لیے کی گئی ہے۔
بہرہ مند تنگی نے اس موقع پر امیر مقام اور مرتضیٰ جاوید عباسی کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں کا اندازِ قیادت اور عوامی خدمت کا جذبہ انہیں ن لیگ کی طرف لے آیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مسلم لیگ ن کے لیے اپنی زندگی کا ہر لمحہ وقف کریں گے اور ایک عام پارٹی ورکر کے طور پر عوامی خدمت کا فریضہ سرانجام دیں گے۔