تحریک تحفظ آئین کی قیادت نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
 تحریک تحفظ آئین کی قیادت نے کہا ہے کہ ملک میں آئینی بحران سنگین شکل اختیار کر چکا ہے، حکومت سیلاب زدگان کی مدد میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (عثمان جبار) تحریک تحفظ آئین کی قیادت نے کہا ہے کہ ملک میں آئینی بحران سنگین شکل اختیار کر چکا ہے، حکومت سیلاب زدگان کی مدد میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

اسلام آباد خیبر پختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس سے اسد قیصر، مصطفیٰ نواز کھوکھر، علامہ راجہ ناصر عباس، محمد زبیر اور سلمان اکرم راجہ نے خطاب کیا، پریس کانفرنس کا آغاز شہدائے بلوچستان کے لیے دعا سے کیا گیا۔

اس موقع پر اسد قیصر نے اختر مینگل کے قافلے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں ریاستی عدم توجہی کی وجہ سے تباہی پھیلی ہوئی ہے لیکن حکومت صرف اپنی تشہیر پر توجہ دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، ایک ہی گھر کے 13 افراد شہید ہوئے لیکن مرکز کی جانب سے کوئی سنجیدہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جب تک مریم نواز کی تصویر نہ لگے، راشن تقسیم نہیں ہوتا، یہ احکامات دیے جا رہے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان اس وقت دوہری تباہی کا شکار ہے ، ایک قدرتی سیلاب اور دوسرا آئینی سیلاب کا سامنا ہے، جس نے تمام اداروں کو مفلوج کر رکھا ہے، جب معاشروں میں قانون اپنی حرمت کھو دے تو وہ معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں، پنجاب سمیت ملک بھر میں آئینی ادارے غیر فعال دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب تباہی مچاتے ہوئے جنوبی پنجاب میں داخل

سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے آزادی اظہار رائے کی موجودہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر قدغنیں، اینکرز کو شوز سے ہٹانا اور صحافیوں کی گرفتاری تشویشناک ہے، جب اعلیٰ عدالتوں کے ججز خود عدلیہ کی آزادی پر سوال اٹھا رہے ہوں تو عام شہری کہاں جائے؟

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجرز ایکٹ کے خلاف ذاتی حیثیت میں درخواست دائر کریں گے اور ایک وائٹ پیپر بھی جاری کیا جائے گا جس میں سابق چیف جسٹس افتخار چودھری سے لے کر موجودہ چیف جسٹس تک عدالتی کردار کا تجزیہ پیش کیا جائے گا۔

سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔