اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور سوات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے بتایا گیا کہ زلزلے کی گہرائی 22 کلو میٹر زیر زمین ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرق میں تھا۔

زلزلے کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، خوش قسمتی سے کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یہ بھی پڑھیں: زلزلے سے بڑی تباہی، 250 جاں بحق 500 سے زائد زخمی

یاد رہے کہ گزشتہ سے پیوستہ شب بھی ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جبکہ ہمسایہ ملک افغان میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کے باعث بھاری جانی و مالی نقصان ہوا تھا۔

افغان ہلال احمر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے باعث 8 ہزار مکانات متاثر ہوئے جبکہ ایک ہزار 124 افراد جان کی بازی ہار گئے، زلزلے کے باعث مختلف عمارتیں گرنے سے 3 ہزار کے قریب افراد زخمی ہوئے۔

کابل انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ کنڑ میں چوکی کے یوہ گل اور نورگل کے مزار درہ جانے والی سڑکیں پہاڑی تودے گرنے کے باعث بند ہو گئی ہیں، جس سے امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے وقفے وقفے سے اب بھی محسوس ہو رہے ہیں۔