لاہور: ایل ڈی اے کا بائیکر لین منصوبے کو توسیع نہ دینے کا فیصلہ
 لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بائیکر لین منصوبے کو فی الفور توسیع نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بائیکر لین منصوبے کو فی الفور توسیع نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق فیروزپور روڈ پر بائیکر لین پائلٹ پراجیکٹ ناکامی کا شکار ہو گیا جس کے باعث دیگر شہروں میں بھی کام مؤخر کر دیا گیا، فیروز پور روڈ پر بائیکر لین کے پائلٹ پراجیکٹ میں مسائل سامنے آئے۔

ایل ڈی اے کی جانب سے فیروزپور روڈ پر دس کلومیٹر طویل مخصوص بائیکر لین پنجاب حکومت کے وژن کے تحت تیار کی گئی، لین کا مقصد موٹر سائیکل سواروں کو محفوظ سفر کی سہولت دینا اور ٹریفک حادثات میں کمی لانا تھا تاہم منصوبہ آغاز سے ہی مختلف مسائل کا شکار ہو گیا۔

منصوبے کے آغاز کے کچھ ہی روز بعد لین کے لیے لگایا گیا پینٹ بارشوں کے بعد اکھڑ گیا،لین پر دیگر گاڑیوں کی مسلسل خلاف ورزی اور عدم نفاذ کے باعث یہ پراجیکٹ مؤثر ثابت نہ ہو سکا، فیروز پور روڈ پر ناکامی کے بعد کینال روڈ، مال روڈ اور جیل روڈ پر بائیکر لین منصوبے کی توسیع کا کام روک دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گرین اسٹیکر کے بغیر گاڑیوں پر سخت کارروائی کا فیصلہ

ذرائع کا بتانا ہے کہ مین بولیوارڈ گلبرگ، جوہر ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر بھی بائیکر لین کی توسیع فی الحال روک دی گئی، اس منصوبے کی مؤثر انفورسمنٹ کے بغیر توسیع کے امکانات نہایت کم ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے ابتدائی کامیابی کی صورت میں شہر بھر میں اس منصوبے کو وسعت دینے کا اعلان کیا تھا۔

پنجاب حکومت ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیروزپور روڈ پر مؤثر انفورسمنٹ کے بعد آئندہ مالی سال میں بائیکر لین منصوبے کو دیگر سڑکوں پر وسعت دیے جانے کا امکان ہے۔