گرین اسٹیکر کے بغیر گاڑیوں پر سخت کارروائی کا فیصلہ
green sticker Lahore
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ادارہ ماحولیات پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ 31 اگست کی ڈیڈلائن گزرنے کے بعد اب گرین اسٹیکر کے بغیر گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان ادارہ ماحولیات پنجاب ساجد بشیر کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 2010 سے 2015 ماڈل کی گاڑیوں کو وارننگ سلپس جاری کی جا رہی ہیں، جو ای چالان کے ساتھ بذریعہ پوسٹ مالکان تک پہنچائی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ دوسری بار خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی مالکان کو جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شہری علاقوں میں پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کے اخراج (ایمی شنز) کی سخت جانچ جاری ہے۔ اب تک 3 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کو گرین اسٹیکر فراہم کیا جا چکا ہے، بار بار خلاف ورزی کرنے والوں پر نہ صرف بھاری جرمانہ عائد ہوگا بلکہ گاڑیاں بھی بند کی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری

ذہن نشین رہے کہ گرین اسٹیکر صرف انہی گاڑیوں کو جاری کیا جائے گا جو اخراج ٹیسٹ پاس کریں گی۔ اس دوران انجن، سائلنسر اور کیٹالیٹک کنورٹر کی مکمل جانچ کی جاتی ہے۔ سموگ سیزن میں لاہور میں گرین اسٹیکر کے بغیر گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

ساجد بشیر نے مزید کہا کہ لاہور کی سڑکوں پر گرین اسٹیکر کے بغیر گاڑیاں نہیں چل سکیں گی، بہت جلد اسٹیکر کے حصول کیلئے فیس بھی مقرر کر دی جائے گی تاکہ عمل کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔