بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری
heavy rain alert Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم تا 3 ستمبر ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا۔

حکام کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق پنجاب کے شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی اضلاع بارشوں سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی ریلے آنے کا بھی امکان ہے۔

اسی طرح چنیوٹ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکر، لیہ اور میانوالی میں بھی موسلادھار بارشیں سیلابی صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان کے نشیبی علاقے بھی بارشوں اور ندی نالوں کے اچانک بہاؤ سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے کا خدشہ ہے جبکہ مرالہ ہیڈ ورکس پر بڑے پیمانے پر سیلابی ریلے آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ندی نالوں کے قریب خاص احتیاط برتیں۔

ادارے نے خبردار کیا کہ تیز بہاؤ کی صورت میں پانی سے بھری سڑکوں، پلوں اور ڈوبے ہوئے راستوں کو استعمال نہ کیا جائے۔