پی ٹی آئی کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں
تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ذاتی معالج اور مستند ڈاکٹروں کو رسائی دی جائے اور مکمل طبی معائنہ کرایا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔ تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کی صحت کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے، ان کے ذاتی معالج سمیت ماہر ڈاکٹروں کو فوری رسائی دی جائے اور ایک تفصیلی میڈیکل چیک اپ کرایا جائے۔ پی ٹی آئی نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت اور حالاتِ قید پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب یونیورسٹی نے ایل ایل بی کے سالانہ امتحانات ملتوی کردیے

بیان کے مطابق انہیں پینے، وضو اور غسل کیلئے گندا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف نے پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے عمل سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے باضابطہ طور پر ان انتخابات کے بائیکاٹ کی ہدایت جاری کر دی۔ پی ٹی آئی کے مرکزی اعلامیہ کے مطابق بعض اطلاعات کے مطابق چند افراد نے پی ٹی آئی کے نام پر ضمنی انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں جو کہ پارٹی فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

اس سلسلے میں مرکزی قیادت نے تمام کارکنوں اور ذمہ داران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ پارٹی کے فیصلے کی مکمل پاسداری کی جائے، اگر کسی نے پہلے سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں تو وہ فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ جو عناصر پارٹی فیصلے کے برخلاف نامزدگی جمع کرا رہے ہیں، ان سے تحریک انصاف لاتعلقی کا اعلان کرتی ہے اور ایسے اقدامات کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت منسوخ کر دی گئی۔ عدالتی عملہ نے وکلاء صفائی، پراسیکیوشن کو آگاہ کر دیا۔ وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف کے مطابق کیس کی آئندہ سماعت کے حوالے سے وکلاء کو آج جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد سے آگاہ کیا جائے گا۔
ادھر بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنہ کی درخواست کی سماعت آج ہفتہ کے روز تک ملتوی کر دی گئی ہے ۔ درخواست گزار کے وکلاء انسداد دہشتگردی عدالت میں اپنے دلائل دیں گے ۔درخواست گزار علیمہ خان نے عدالت سے بانی کے مکمل طبی اور خصوصاً آنکھوں کے معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ کے قیام کی استدعا کی ہے۔