پنجاب یونیورسٹی نے ایل ایل بی کے سالانہ امتحانات ملتوی کردیے
پنجاب یونیورسٹی نے 11 ستمبر سے شروع ہونے والے ایل ایل بی کے سالانہ امتحانات ملتوی کر دیے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب یونیورسٹی نے 11 ستمبر سے شروع ہونے والے ایل ایل بی کے سالانہ امتحانات ملتوی کر دیے۔

ترجمان جامعہ پنجاب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیلاب کی صورتحال کے باعث ایل ایل بی کے سالانہ امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، ایل ایل بی کے سالانہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کی جانب سے 30 اور 31 اگست کو ہونے والے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن نے بتایا کہ پی پی ایس سی کے زیر اہتمام 30 اور 31 اگست کو ہونے والے انسپکٹر لیگل پنجاب پولیس اور دیگر محکموں کے امتحانات مؤخر کردیے گئے ہیں، سیلابی صورتحال کے باعث امیدواروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب بورڈز کا 11ویں کلاس کے نتائج 2025 کی تاریخ کا اعلان

پی پی ایس سی ترجمان کا کہنا تھا کہ 434 آسامیوں کے لیے لاہور میں امتحانات منعقد ہونا تھے، 8 ہزار سے زائد امیدوار امتحانات میں شرکت کرنے والے تھے، پنجاب بھر سے امیدوار امتحانات کے لیے رجسٹرڈ تھے۔

ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مزید بتایا کہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب لاہور ڈویژن کے سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں کالجز میں بھی 2 روز کی تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

مراسلہ کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں کالجز 29 اور 30 اگست کو بند رہیں گے، شاہدرہ، چوہنگ اور بند روڈ کے کالجز دو روز بند رہیں گے، تمام کالجز کی بجلی بھی فوری طور پر بندکر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔