پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی تعداد کتنی؟ اعدادوشمار جاری
File Photo
لاہور: (سنو نیوز) سوشل میڈیا صارفین کی تعداد کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعدادوشمار جاری کر دیئے۔

پی ٹی اے کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2024 تک فیس بک صارفین کی تعداد 6 کروڑ 4 لاکھ ریکارڈ کی گئی، فیس بک کے مردصارفین کی تعداد 77 اور خواتین صارفین کی تعداد 24 فیصد ہے۔

اسی طرح جنوری 2024 تک ملک بھر میں یوٹیوب صارفین کی تعداد 7 کروڑ 17 لاکھ ریکارڈ کی گئی، جن میں سے مرد یوٹیوب صارفین کی تعداد 72 فیصد اور خواتین صارفین کی تعداد 28 فیصد ہے۔

علاوہ ازیں ملک میں جنوری 2024  ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 5 کروڑ 44 لاکھ ریکارڈ کی گئی، جن میں سے مرد ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 78 فیصد جبکہ خواتین ٹک ٹاک صارفین کی تعداد 22 فیصد ہے۔

مزید براں جنوری 2024 تک انسٹا گرام صارفین کی تعداد 1 کروڑ 73 لاکھ تک ریکارڈ کی گئی، جن میں سے انسٹا گرام کے مرد صارفین کی تعداد 64 فیصد اور 36 فیصد خواتین کی ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی اے کے جاری کردہ اعدادوشمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں اب بھی مردوں کے مقابلے خواتین میں سوشل میڈیا کا استعمال بہت کم ہے۔