
سپیکر آفس ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان ، فیصل امین گنڈاپور اور علی اصغر خان سمیت ممبران اسمبلی نے استعفے سپیکر چیمبر میں جمع کروائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خا نے قانون و انصاف، انسانی حقوق، آئی ٹی اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی سے استعفیٰ دیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر کا استعفیٰ بھی سپیکر آفس میں پہنچا دیا گیا، عامر ڈوگر اور شیخ وقاص اکرم نے بھی کمیٹیوں سے استعفیٰ سپیکر آفس میں جمع کروا دیا،شہریار آفریدی اور آصف خان کا استعفیٰ بھی سپیکر آفس کو پہنچا دیا گیا۔
بعدازاں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے چار کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا ہے، ہم نے بہت کوشش کی سسٹم کا حصہ رہیں اور سسٹم چلے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہماری 180 نشستیں تھیں،خیبرپختونخوا میں ہماری دو تہائی اکثریت تھی،ہمارے لوگوں کو شہید کیا گیا،بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ناحق قید کیا گیا لیکن پھر بھی بانی پی ٹی آئی اور ہم نے کہا آؤبات کرو۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ ابھی بھی دیر نہیں ہوئی بات ہونی چاہیے ، فی الحال کہیں پر کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے کا پیغام دیا تھا۔