
پولیس ذرائع کے مطابق خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ نے جے آئی ٹی کے سامنے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی کوشش کی ، جے آئی ٹی نے خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ سے کیس کی تفتیش کے متعلق سوال کیے ۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جے آئی ٹی ممبران نے بالاج ٹیپو خاندان سے سابقہ دشمنی کے بارے میں بھی سوالات کیے۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی بتایا ہے کہ خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ ایک روز قبل سی سی پی او کے سامنے پیش ہوا تھا، گوگی بٹ عبوری ضمانت کروانے کے بعد جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: امیر بالاج ٹیپو قتل کیس، مرکزی ملزم احسن شاہ پولیس حراست میں قتل
خیال رہے کہ امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی )ایس پی صدر معظم علی کی سربراہی میں بنائی گئی تھی، جے آئی ٹی کے دیگر ممبران میں ڈی ایس پی چوہنگ ، ڈی ایس پی رائے ونڈ اور تین تھانوں کے انچارج انویسٹی گیشن شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو گزشتہ برس 18 فروری کو شادی کی تقریب میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق شادی کی تقریب کے دوران وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کردی جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم امیر بالاج ٹیپو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔