
ڈائریکٹر کالجز نے لاہور ڈویژن کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے 16 کالجز میں چھٹی کا اعلان کردیا۔
مراسلہ کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں کالجز 29 اور 30 اگست کو بند رہیں گے، شاہدرہ، چوہنگ اور بند روڈ کے کالجز دو روز بند رہیں گے، تمام کالجز کی بجلی بھی فوری طور پر بندکر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن نے بتایا کہ پی پی ایس سی کے زیر اہتمام 30 اور 31 اگست کو ہونے والے انسپکٹر لیگل پنجاب پولیس اور دیگر محکموں کے امتحانات مؤخر کردیے گئے ہیں، سیلابی صورتحال کے باعث امیدواروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے تمام نجی ہسپتالوں پر فلڈ ایمرجنسی نافذ
پی پی ایس سی ترجمان کا کہنا تھا کہ 434 آسامیوں کے لیے لاہور میں امتحانات منعقد ہونا تھے، 8 ہزار سے زائد امیدوار امتحانات میں شرکت کرنے والے تھے، پنجاب بھر سے امیدوار امتحانات کے لیے رجسٹرڈ تھے۔
ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مزید بتایا کہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث سکولوں کی تعطیلات میں اضافہ سے متعلق فیصلہ کل بروز جمعہ کو کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر اجلاس میں سیلابی صورتحال پر سکولوں کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے، ڈیزاسٹر رِسک ریڈکشن ورکنگ گروپ کے اہم اجلاس میں زمینی حقائق پر مبنی حکمتِ عملی طے ہو گی۔