
ضلع گجرات کے علاقوں پنڈی تاتار، نت ٹبہ، ملکووال، علی پور اور کوٹ پتواں میں متاثرین کو پکا ہوا کھانا، پانی اور ادویات پہنچائی جا رہی ہیں، پی ٹی آئی رہنما امجد پرویز بٹ، چودھری احسان، چودھری اعجاز اور چودھری فواد نت کشتیوں میں بیٹھ کر لوگوں کو ریسکیو کر رہے ہیں۔
متاثرین سیلاب کو چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی ہدایت پر بنائے گئے ریلیف کیمپوں میں شفٹ کیا جا رہا ہے، امدادی کیمپوں میں متاثرین کیلئے فوری طبی امداد اور کھانے کا وافر انتظام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے پر دریائے راوی تباہی مچانے لگا
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عہدیدار اور کارکن امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، سیلاب میں پھنسے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس مشکل وقت میں متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، جو لوگ اپنے علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں انہیں وہاں پر بھی راشن اور پکا ہوا کھانا پہنچایا جا رہا ہے، متاثرین کو ریسکیو کرنا، انہیں کیمپوں میں ٹھہرا کر ادویات اور کھانا دینا ہماری پہلی ترجیح ہے،ریلیف کیمپ اور ریسکیو آپریشن سیلاب کے خاتمے تک جاری رہے گا۔