بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے پر دریائے راوی تباہی مچانے لگا
بھارت کی جانب سے دو لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے پر دریائے راوی تباہی مچانے لگا
لاہور: (سنو نیوز) بھارت کی جانب سے دو لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے پر دریائے راوی تباہی مچانے لگا۔ سیالکوٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بستیوں کی بستیاں ڈوب گئیں۔ دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ قصور، پاکپتن، حویلی لکھا، عارفوالہ، بہاولنگر میں ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے پر دریائے ستلج اور راوی تباہی مچا رہے ہیں۔ سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں سیلاب نے 50 دیہات ڈبو دیئے۔ ماجرہ کلاں علاقے میں ایک خاندان کے 5 افراد سمیت 7 افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے۔
راوی نے جسڑ کے مقام پر تباہی مچا دی۔ راوی میں گذشتہ رات سے ایک لاکھ کیوسک پانی کا اضافہ ہو چکا ہے جس سے درجنوں دیہات میں پانی داخل ہو گیا اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی آبی جارحیت، راوی، ستلج اور چناب بپھر گئے

نارنگ منڈی کے سرحدی علاقوں میں دریائے راوی بپھر گیا۔ سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی متاثر اور متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک کا ریلہ تباہی پھیلا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کے انخلا کا عمل تیز کر دیا ہے۔
کھڈیاں خاص عطر سنگھ کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی سطح 23 فٹ سے تجاوز کرگئی۔ دریائے ستلج میں پاکپتن کے مقام پر ایک لاکھ کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے دریا سے ملحقہ آبادیاں خالی کرانے کیلئے مساجد میں اعلانات کروا دیئے۔
عارفوالہ میں درجنوں دیہات زیر آب آ گئے۔ لوگ مال مویشیوں کو لے کر نقل مکانی کر رہے ہیں۔ ستلج میں ہیڈسلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ حویلی لکھا میں ہزاروں ایکڑ پر فصلیں اور درجنوں مکانات دریا برد ہو چکے ہیں۔ سیالکوٹ میں ریکارڈ بارش اور برساتی نالوں میں طغیانی کے بعد شہر کا وسیع علاقہ تاحال زیر آب ہے۔ انتظامیہ ابھی تک پانی کی نکاسی نہیں کر سکی۔
پاک فوج کا سیالکوٹ اور وزیر آباد میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ اوکاڑہ میں پاک فوج نے روہی وال پل بحال کردیا ۔۔ ہیڈسلیمانکی اور اٹاری کے مقامات پر کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔