بل گیٹس کا سیلاب متاثرین کی مدد کا اعلان
Bill Gates donation
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں جاری مون سون سیلاب سے نمٹنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ امداد عالمی ادارہ صحت (WHO) کے ذریعے فراہم کی جائے گی تاکہ ملک بھر میں ہنگامی ردعمل اور تیاریوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق، یہ امداد خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے 33 ایسے اضلاع پر مرکوز ہوگی جو سیلاب سے شدید متاثر اور بلند خطرے کا شکار ہیں۔ اس اقدام کے تحت 4 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کی فوری طبی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

یہ عطیہ قومی و صوبائی حکام کو سیلاب زدہ علاقوں میں جان بچانے والی طبی سہولیات کی فراہمی اور جاری رکھنے میں بھی مدد فراہم کرے گا جہاں علاج اور طبی امداد تک رسائی میں مشکل پیش آرہی ہے۔

پاکستان اس وقت حالیہ برسوں کے بدترین سیلابی بحران سے دوچار ہے۔ شدید مون سون بارشوں نے ملک کے مختلف صوبوں میں بڑے پیمانے پر سیلاب برپا کیا ہے۔ دیہات زیر آب آ گئے ہیں، گھر تباہ ہو گئے ہیں، اور ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی بہہ گئی ہے۔ ستلج، راوی اور چناب جیسے دریا خطرناک حد تک بلند ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں خاندان بے گھر اور کئی علاقے دنیا سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے پر دریائے راوی تباہی مچانے لگا

حکومت نے کئی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جبکہ فوج کو ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔ انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ، متاثرہ علاقوں میں آبی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھتا جا رہا ہے جس کے باعث بین الاقوامی امداد نہایت اہمیت اختیار کر گئی ہے۔