بجلی بچت پروگرام: انورٹر پنکھوں کی فراہمی کیلئے آن لائن درخواستوں کا آغاز
Inverter fans scheme
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے بجلی بچت پروگرام کے تحت ملک بھر کے صارفین کو آٹھ کروڑ انورٹر پنکھے فراہم کرنے کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز کر دیا، جس کیلئے صارفین سے آن لائن درخواستوں کی وصولی شروع ہو گئی ہے۔

حکومتی حکام کے مطابق یہ منصوبہ توانائی کے شعبے میں تاریخی پیش رفت ثابت ہوگا کیونکہ پرانے پنکھوں کی جگہ جدید انورٹر پنکھے استعمال کرنے سے سالانہ 5 ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ممکن ہوگی۔ تاہم پنکھوں کے حصول کیلئے حکومت نے سخت شرائط بھی لاگو کی ہیں۔

اس منصوبے کے تحت انورٹر پنکھے صرف ان صارفین کو فراہم کیے جائیں گے، جن کا بجلی کنکشن مالک مکان کے نام پر رجسٹرڈ ہوگا۔ اس کے علاوہ وہ صارفین جو گزشتہ دو سالوں میں دو سے زیادہ اقساط کی سہولت لے چکے ہیں، اس اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صارفین کو 6 سے 18 ماہ کے دوران بجلی کے بلوں میں اقساط کی صورت میں ادائیگی کرنا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے بڑا فیصلہ

 

 

پنکھوں کی خریداری کیلئے بینک 3 لاکھ روپے تک فنانسنگ فراہم کرے گا، جس کے بعد صارفین کو معاہدے کے مطابق انورٹر پنکھے فراہم کیے جائیں گے۔

اس اسکیم کے تحت جدید انورٹر پنکھے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے اور ان کی ادائیگی بجلی کے بلوں میں شامل کر کے کی جائے گی۔

توانائی ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف صارفین کو ریلیف دے گا بلکہ ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔