خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے بڑا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے آسان اقساط پر گھر فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا
خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے آسان اقساط پر گھر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا/ فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے آسان اقساط پر گھر فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی نے 'گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بل' منظور کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد سرکاری ملازمین کو بہتر اور معیاری رہائش فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی ملازمت کے دوران اور بعد از ریٹائرمنٹ بھی سکون کی زندگی گزار سکیں۔ اکثر سرکاری ملازمین اپنی قلیل تنخواہوں میں مکان یا پلاٹ خریدنے کے قابل نہیں ہوتے جس کے باعث وہ ریٹائرمنٹ کے بعد شدید مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے حکومت نے باقاعدہ حکمت عملی ترتیب دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری حج سکیم، عازمین نے بطور پہلی قسط61 ارب روپے جمع کرا دیے

حکومتی ذرائع کے مطابق اس بل کے تحت سرکاری ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں سے ایک مخصوص رقم قسطوں کی صورت میں کاٹی جائے گی، جو ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے فنڈز میں شامل ہوگی۔ ان فنڈز سے کم لاگت کے منصوبے تیار کیے جائیں گے اور ملازمین کو ان کی مالی استطاعت کے مطابق گھر یا رہائشی پلاٹ فراہم کیے جائیں گے۔ منصوبے کے ڈیزائن اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے جدید ہاؤسنگ سوسائٹیز کے ماڈلز کو مدنظر رکھا جائے گا تاکہ سرکاری ملازمین کو معیاری سہولیات میسر آسکیں۔
بل کے مطابق یہ گھریلو منصوبہ نہ صرف صوبائی دارالحکومت پشاور بلکہ دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں کے ملازمین بھی اس سہولت سے استفادہ کرسکیں۔ مزید برآں، حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کسی بھی ملازم پر بوجھ نہ بڑھے اور اقساط کو ان کی تنخواہوں کے حساب سے انتہائی سہل رکھا جائے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ جلد ہی اس اسکیم کے قواعد و ضوابط طے کیے جائیں گے اور باقاعدہ عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔