سرکاری حج سکیم، عازمین نے بطور پہلی قسط61 ارب روپے جمع کرا دیے
سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین نے پہلی قسط کے طور پر 61 ارب سے زائد کی رقوم جمع کرادیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین نے پہلی قسط کے طور پر 61 ارب سے زائد کی رقوم جمع کرادیں۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک بھر سے عازمین نے پہلی قسط کے طور پر 61 ارب 45 کروڑ جمع کروائے، طویل دورانیہ (لانگ اسٹے)کے حج کے لیے 38 ارب 34 کروڑ روپے جمع کروائے گئے، کم دورانیہ (شارٹ اسٹے)کے حج کے لیے 23 ارب10 کروڑ روپے جمع کروائے گئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ آئندہ برس حج کے لیے کم دورانیے کے حج کا انتخاب کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، آئندہ برس حج کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 18 ہزار 696 درخواستیں موصول ہوئیں۔

طویل دورانیے (لانگ اسٹے) کے حج کے لیے 76 ہزار 683 جبکہ کم دورانیے (شارٹ اسٹے) کے حج کے لیے 42 ہزار 13 درخواستیں جمع کروائی گئیں، طویل دورانیے (لانگ اسٹے) کے حج کی درخواستوں کا تناسب 64.6 فیصد جبکہ کم دورانیہ (شارٹ اسٹے) کے لئے حج درخواستوں کا تناسب 35.4 فیصد رہا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا عشرہ رحمت للعالمین ﷺ شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان

ذرائع کے مطابق کم مدت کا حج پیکیج 20 سے 22 روز اور طویل دورانیہ کا حج 40 روز پر مشتمل ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 84 ہزار 303 عازمین نے مشترکہ کمرے ( شیئرنگ روم) کا انتخاب کیا،11 ہزار 489 عازمین دو بستروں والے کمرے (ڈبل بیڈ روم) کے خواہاں ہیں۔

اسی طرح 7 ہزار 466 عازمین تین بستروں والے کمرے (تین سیٹر بیڈ روم )میں قیام کریں گے، 15 ہزار 438 درخواست گزاروں نےفیملی روم (4 تا 6 افراد) کا انتخاب کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ حج کے لئے تمام عازمین کے لیے قربانی کی رقم جمع کروانا لازمی ہے،تمام ایک لاکھ18 ہزار 696 عازمین کو جمع کرائی گئی رقم سے قربانی کی سہولت ملے گی۔