
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کے زیر صدارت جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلےکیے گئے، حکومت نے عشرہ رحمت للعالمین ﷺ شایان شان طریقے سےمنانے کا اعلان کردیا، وزارت مذہبی امور نے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی۔
دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ یکم تا 12 ربیع الاوّل منایا جائے گا، قومی و صوبائی سطح پر 12 روز تک سیرت پاک ﷺ کے حوالے سے تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قرار دادوں کی روشنی میں ملک گیر سطح پر محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے، صوبائی اور مقامی حکومتیں نوجوان نسل کو سیرت ِنبوی ﷺ کے حوالے سے آگاہی دیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺکانفرنس منعقد کر رہی ہے،کانفرنس کا موضوع’’سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں سیرت النبی ﷺکی روشنی میں‘‘ ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج سکیم: 1لاکھ 17 ہزار درخواستیں جمع، 1640 نشستیں باقی
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ عشرہ منانے کا مقصد نوجوانوں کو حضور اکرم نبوی ﷺ کی سیرت مبارکہ سے آگاہ کرنا ہے، کالج اور یونیورسٹیوں میں بھی عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے تحت پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کے حوالے سے عصری تعلیمی اداروں اور دینی مدارس کے طلبا مشترکہ پروگرام منعقد کریں گے، سیرت النبی ﷺکی روشنی میں دور حاضر کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کوشش کرنا ہو گی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں تعلیم، معیشت ، سماجی اقدار اور خاندانی نظام کو بگاڑ سےبچانا ہے،اسوہ نبوی ﷺ پر عمل سے ہی دین و دنیا کی کامیابی ممکن ہے۔
اس موقع پر وزیر اوقاف آزاد کشمیر حافظ محمد احمد رضا قادری، پارلیمانی سیکرٹری بلوچستان شہناز عمرانی ،وفاقی و ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور بھی موجود تھے، اوقاف سیکرٹریز پنجاب ، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔



