مریم نواز شریف کا دریائے راوی میں کشتی پر بیٹھ کر سیلابی صورتحال کا جائزہ
Maryam Nawaz
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر کشتی کے ذریعے سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا فضائی جائزہ لیا تھا اور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سیلابی صورتحال اور ریسکیو آپریشن سے متعلق بریف کیا گیا تھا۔

مریم نواز نے دریائے راوی میں سیلابی صورتحال سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی ایک پارٹی کا نام نہیں لینا چاہتی لیکن ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر مُلکی مفاد میں اب کچھ فیصلے کر لینے چاہئیں کیونکہ یہ لوگوں کی زندگیوں کا سوال ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں لاہور میں پیدا ہوئی، لاہور میں پلی بڑھی، میں نے اپنی پوری زندگی میں راوی میں اتنا پانی نہیں دیکھا۔

واضح رہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جسڑ کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ یہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 28 ہزار کیوسک پر برقرار ہے جبکہ بلوکی پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیالکوٹ ایئرپورٹ کے اطراف سیلابی صورتحال، فلائٹ آپریشن معطل

 دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ تاہم پانی کے بہاؤ میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ یہاں بہاؤ 9 لاکھ 1 ہزار 500 کیوسک ہوگیا ہے۔

علاوہ ازیں خانکی پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے تاہم پانی کے بہاؤ میں کمی کا رجحان ہے، یہاں بہاؤ 7 لاکھ 22 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔