سیالکوٹ ایئرپورٹ کے اطراف سیلابی صورتحال، فلائٹ آپریشن معطل
PIA flight diversion
فائیل فوٹو
سیالکوٹ: (ارشاد سنجرانی) سیالکوٹ ایئرپورٹ کے اطراف سیلابی صورتحال کی وجہ سے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور معطل کردیا گیا۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹم میں کہا گیاہے کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت پروازوں کو لاہور ایئرپورٹ منتقل کیا گیا ہے اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے تمام ایئرلائنز کو آگاہ کردیا ہے۔

 سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عارضی بندش کے باعث پی آئی اے نے اپنا فضائی آپریشن تبدیل کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان کے مطابق آج صبح 10 بجے سے لے کر رات 10 بجے تک پی آئی اے کی سیالکوٹ سے آپریٹ ہونے والی پروازیں لاہور ایئرپورٹ منتقل کر دی گئی ہیں۔

 پی آئی اے کی جو پروازیں سیالکوٹ ایئرپورٹ سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کی گئی ہیں ان میں پی کے 746 جدہ تا سیالکوٹ ، پی کے 745 سیالکوٹ سے جدہ، پی کے 239 سیالکوٹ سے کویت اور پی کے 244  دمام سے سیالکوٹ کی پروازیں اب لاہور ایئرپورٹ سے آپریٹ ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں سیلاب، پچاس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

 ترجمان پی آئی اے نے تمام مسافروں سے درخواست ہے کہ اپنی پروازوں اور ان کے اوقات کارسے متعلق بروقت معلومات کے لیے پی آئی اے کے کال سینٹر 786-786-111  سے رابطے میں رہیں۔ دوسری جانب ملکی اور غیر ملکی ایئرلائن نے بھی پروازوں کو متبادل طور پر لاہور ایرپورٹ منتقل کیا ہے۔