کشمیر میں سیلاب، پچاس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
Kashmir floods
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): کشمیر میں طوفانی بارشوں نے پچھلے پچاس سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس کے نتیجے میں شدید تباہی دیکھنے میں آئی ہے۔

 وادی میں 360 ملی میٹر تک کی بارش ریکارڈ ہوئی جس کی وجہ سے دریا کے کنارے ٹوٹ گئے اور کئی پل اور سڑکیں تباہ ہو گئیں۔

شدید بارش نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ پورے علاقے میں موبائل انٹرنیٹ، براڈ بینڈ، اور ٹیلی فون سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ دریائے جہلم کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر جا چکا ہے جس سے مزید سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

مقبوضہ جموں اور ڈوڈہ میں بارش سے متعلقہ حادثات میں کم از کم 37 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر وادی کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے پر دریائے راوی تباہی مچانے لگا

دوسری جانب، شدید بارشوں کا اثر صرف کشمیر تک محدود نہیں رہا۔ شمالی ہندوستان کی ریاستیں، بشمول ہماچل پردیش اور پنجاب بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ منالی اور پٹھان کوٹ میں دریا اوور فلو ہو چکے ہیں جس سے تباہی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔