بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری
Electricity price reduction Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بجلی صارفین کیلئے خوشخبری ہے کہ آئندہ دنوں میں فی یونٹ بجلی کی قیمت ایک روپے 69 پیسے کم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

اس حوالے سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) آج سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر سماعت کرے گی۔

سی پی پی اے نے نیپرا کو درخواست دی ہے کہ جولائی کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے۔ درخواست میں بتایا گیا کہ جولائی میں ملک میں مجموعی طور پر 14 ارب 12 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ 13 ارب 66 کروڑ 60 لاکھ یونٹس صارفین کو فراہم کی گئیں۔ اس دوران فی یونٹ بجلی کی لاگت 8 روپے 18 پیسے رہی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں بجلی کی سب سے زیادہ پیداوار ہائیڈل ذرائع سے ہوئی جو 40.13 فیصد رہی۔ مقامی کوئلے سے 10.64 فیصد، جبکہ درآمدی کوئلے سے 8.07 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے بڑا فیصلہ

 

 

 

اس کے علاوہ گیس سے 7.74 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 17.26 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔ جوہری ایندھن سے 9 فیصد بجلی کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ کمی منظور کر لی گئی تو مہنگائی کے دباؤ کا شکار عوام کو بڑی ریلیف ملے گی۔ بجلی کے نرخوں میں کمی نہ صرف گھریلو صارفین کیلئے خوش آئند ہوگی بلکہ صنعتی شعبے پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔