
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو تحقیقات کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں مبینہ طور پر ان کے ساتھیوں نے چھڑانے کی کوشش کی، جس پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبرڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں 6روز کی توسیع
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں 30 روپے کے تنازع پر پھل فروش اویس اور اس کے بیٹے تیمور نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دو سگے بھائیوں، واجد اور راشد، کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ دونوں بھائی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے تھے جہاں واجد اسی روز دم توڑ گیا تھا جبکہ راشد بھی تین روز موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور انہیں عدالت میں پیش کیا جانا تھا تاہم دورانِ حراست وہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔