سیلابی صورتحال: سیالکوٹ کے تعلیمی ادارے 28 اگست کو بند رکھنے کا اعلان
 سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیالکوٹ کے تعلیمی اداروں میں کل بروز جمعرات کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
سیالکوٹ: (سنو نیوز) سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیالکوٹ کے تعلیمی اداروں میں کل بروز جمعرات کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ضلع سیالکوٹ کی حدود میں کل بروز جمعرات (28 اگست) تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اِدارے بند رہیں گے،تعلیمی ادارے ضلع بھر میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر بند کئے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تعطیل کا مقصد سٹوڈنٹس، اساتذہ اور سٹاف کی حفاظت یقینی بنانا ہے، تمام متعلقہ حکام مفاد عامہ کے پیش نظر اس حکمنامہ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر سکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ 29 اگست کو ہوگا ، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سیلابی صورتحال پر سکولوں کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت سیلابی صورتحال، سکولوں کی بندش میں توسیع کا امکان

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور تحفظ کے لیے تمام اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا رہے ہیں،زمینی حقائق پر مبنی حکمتِ عملی طے ہو گی ۔

واضح رہے کہ پنجاب کے تین دریاؤں راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی صورتحال کے باعث کئی شہر اور دیہات متاثر ہوئے ہیں، سیالکوٹ میں بھی کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں جس کے باعث تعلیمی ادارے کل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔